لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل( ر) توقیر ضیاء کا کہنا ہے کہ مستحکم ہوتا، ترقی کی طرف بڑھتا، مشکلات سے نکلتا، امن کا سفر طے کرتا پاکستان ہمارے دشمنوں سے برداشت نہیں ہو رہا۔ خطے میں ہماری اہمیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کامیاب ہو رہی ہے۔ملک میں بین الاقوامی کرکٹ واپس آ رہی ہے۔ سی پیک پاکستان کے دشمنوں کے لیے تکلیف کا باعث ہے۔ امریکہ کو افغانستان سے نکلنے کے لیے ہماری ضرورت ہے، سعودی شہزادے کی پاکستان آمد سمیت کئی معاملات میں غیر معمولی پیشرفت ہونے کی وجہ بھارت کو پریشانی ہے۔ بھارت میں ہونیوالے انتخابات میں بھی پاکستان مخالف بیانات و اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کوئی وجہ نہیں۔ ہے۔ بھارت پاکستان پر حملے کی غلطی نہیں کر سکتا، اسے ہماری ایٹمی صلاحیت کا علم ہے۔ الزام نہ لگائے، پاکستان کرکٹ بورڈ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمیں تحمل مزاجی کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ کسی بھی قسم کی محاذ آرائی میں نقصان بھارت کا ہے۔ پاکستان کو کسی کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے دنیائے کرکٹ سے الگ اور تنہا نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر مسائل میں الجھانے کی کوشش کی جائے گی ان حالات میں ہمیں غیر جانبدار رہ کر آگے بڑھنا ہے۔ ہمیں ایسے ہی مثبت کام کرنا ہونگے تاکہ بیرونی دنیا میں پرامن اور کھیل دوست ملک کا پیغام جائے۔
’’پی ایس ایل‘‘کامیاب، سی پیک دشمنوں کیلئے تکلیف کا باعث ہے: توقیر ضیا
Feb 25, 2019