مریم نواز کی آمد پر دروازے بند کرنے پر ایم ایس جناح ہسپتال سے جواب طلب، کارکنوں، میڈیا کے داخلہ پر پابندی

Feb 25, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے مریم نواز کی آمد پر دروازے بند کرنے پر ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر عاصم حمید سے جواب طلب کر لیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے وضاحت طلب کی کہ نواز شریف کے اہلخانہ کی آمد پر ہسپتال کے دروازے بندکرکے مریضوں کو پریشانی کا سامنا کیوں کرنا پڑا؟ ہمارے لئے جناح ہسپتال میں نواز شریف سمیت تمام مریض برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کسی بھی قسم کی موومنٹ کے دوران ہسپتال کے دروازے کسی صورت بند نہیں ہونگے۔ نواز شریف سے ملنے والے عام شہری کی حیثیت سے آئیں۔ مزید براں مریم نواز کو کیمرہ لگنے کے بعد جناح ہسپتال انتظامیہ نے نیا ایس او پی جاری کردیا۔ ایم ایس جناح ہسپتال نے عمارت کے اندر سیاسی کارکنوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نوازشریف سے ملاقات کیلئے صرف اہل خانہ ہسپتال کے اندر آسکیں گے۔ ہسپتال میں میڈیا کا داخلہ بند کردیا گیا۔

مزیدخبریں