اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھارتی ٹی وی اینکر کو یہ کہہ کر لاجواب کر دیا کہ تم کہتے ہو کہ پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کر دیا گیا ہے جبکہ امریکہ‘ روس‘ چین‘ سعودی عرب اور کئی اہم دوسرے ملک پاکستان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کرا رہا ہے۔ روس جو کبھی بھارت کا دوست تھا اب پاکستان کے ساتھ اس کے بہترین تعلقات ہیں۔ چین سی پیک کے تحت پاکستان میں اربوں ڈالر لگا رہا ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو اپنا بھائی قرار دیا ہے۔ پاکستان کہاں تنہا ہے۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق کشمیر محبوبہ مفتی نے بھارتی اینکر پرسن کو ٹی وی پروگرام کے دوران جھاڑ پلا دی۔ محبوبہ مفتی نے کہا پاکستان کی تنہائی کے بھارتی دعوے جھوٹ ہیں۔ آپ کہتے ہیں پاکستانی حکومت ہاتھ باندھے سعودی عرب کے پیچھے تھی تو مودی بھی معاہدے کے وقت سعودی ولی عہد کے پیچھے ہاتھ باندھے کھڑے تھے۔ پاکستان بھارت جنگ نہیں ہوسکتی چھوٹی موٹی جھڑپیں کرکے آپ کہیں آپ نے بہت بڑا کارنامہ کیا تو ایسا نہیں ۔ آپ کو کشمیر کشمیریوں کے بغیر چاہئے۔ محبوبہ مفتی کے تابڑ توڑ جوابات سے اینکر پرسن کو چپ لگ گئی۔
محبوبہ مفتی
پاکستان کی تنہائی کے بھارتی دعوے جھوٹ ہیں : محبوبہ مفتی، اینکر کو جھاڑ پلا دی
Feb 25, 2019