لاہور (ندیم بسرا) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے او آئی سی کے وزراءخارجہ کی کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ کو گیسٹ آف آنر بلانا قابل اعتراض عمل ہے۔ بھارت کشمیر میں نہتے مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔ وزیر خارجہ کو ذمہ داری لیتے ہوئے فوری مستعفی ہو جانا چاہیے۔ نواز شریف کی جیسے ہی ضمانت ہوگی پارٹی انہیں فوری لندن بھجوا دے گی، پنجاب کے عوام کو دس برسوںکی تیز رفتار ترقی کی سزا دی جارہی ہے، آٹھ ماہ میں پنجاب میں کوئی نئی اینٹ نہیں لگائی گئی۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلنے کے تناظر میں جہاں دو ملکوں کے درمیان جنگ کی باتیں ہو رہی ہیں وہیں او آئی سی وزرا خارجہ کانفرنس میں بھارتی وزیر خارجہ کو مہمان خصوصی بلاناکشمیریوں کی قربانیوں اور جدوجہد کی توہین کے مترادف ہے۔ یہ حکومت پاکستان کی بدترین سفارتی ناکامی ہے اسے فوری قبول کرتے ہوئے وزیر خارجہ کو چاہیے وہ فور ی مستعفی ہوں ایسا نہ ہوا تو کشمیری پاکستان کی حکومت سے مایوس ہونگے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا پاکستان اور بھارت ایٹمی قوتیں ہیں دونوں ممالک کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ بھارتی سیاستدان الیکشن کی آڑ میں ووٹ حاصل کرنے کےلئے بیان بازی کا ڈرامہ رچا رہے ہیں ہمیں اس ڈرامے کا کردار نہیں بننا چاہیے۔ یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے دو ایٹمی قوتوں کے درمیان آنکھ مچولی کبھی نہیں ہوتی جب جنگ ہو تی ہے تو تباہ کن ہوتی ہے۔ ہمارے لوگوں کو بھی چاہیے پاکستانیوں کو جنگی جنوں میں مبتلا کرنے کی بجائے ان کے جذبات کو ٹھنڈا کریں۔ ہمیں امید ہے عدالت نواز شریف کو انصاف ضرور فراہم کرے گی جیسے ہی میاں صاحب کی ضمانت ہوگی پارٹی انہیں فوری لندن بھجوا دے گی کیونکہ نواز شریف کے وہ معالج جنہوں نے ان کے دل کے دو بار بائی پاس کئے ہیں ان کے ساتھ مشاورت کرنا میاں صاحب کا بنیادی حق ہے ان کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں جن شعبوں کے اندر کام ہورہا تھا ان کو بھی روک دیا گیا ہے پنجاب کی حکومت زمین پر کام کرے تو منصوبے نظر بھی آئیں، ہوا میں لگنے والے منصوبے زمین کی عوام نہیں دیکھ سکتی۔
احسن اقبال