لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پشاور زلمی کے خلاف میچ میں گیند کی حالت کو تبدیل کرنے سے متعلق میچ ریفری روشن ماہنامہ کو کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کا راؤنڈ میچ22 فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا تھا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے کوڈ آف کنڈکٹ برائے کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف کے آرٹیکل3.2 کی شق 3.2.2 کے تحت کسی بھی ٹیم کی جانب سے باضابطہ شکایت ٹیم منیجر کی جانب سے درج کروائی جاتی ہے۔ میچ ریفری کو یہ شکایت میچ ختم ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر درج کروانا لازمی ہوتا ہے۔ تاہم اس دوران میچ ریفری روشن ماہنامہ کو کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور 48 گھنٹے پر مشتمل ونڈو اب ختم ہوچکی ہے۔ چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے سے متعلق بیان جاری کرنے سے پہلے نہ تو ٹھوس شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی اس حوالے سے باضابطہ درخواست جمع کروانے سے متعلق مخصوص طریقہ کار کو اختیار کیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ اس کیس میں میچ ریفری کو 24فروری بروز پیر کی شام 6 بجے تک درخواست جمع کروانا لازمی تھی۔ وسیم خان نے کہاکہ مخصوص طریقہ کو اختیار کیے بغیر اتنا غیرذمہ دارانہ بیان جاری کرنے سے ایونٹ کی ساکھ کو مجروح اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو شکوک و شبہات میں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھلاڑیوں سے احتیاط برتنے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔