اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مصنوعی طور پر مہنگائی بڑھانے کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کے معاملے پر توجہ مرکوز کرنے کے نتیجے میں قیمتوں میں خاصی کمی آچکی ہے۔ بالخصوصی سبزیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں جیسا کہ دیکھا جاسکتا ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ مصنوعی طور پر مہنگائی کرنے میں ملوث افراد کی نشاندہی اور انہیں سزا ملنے تک ہرگز چین سے نہیں بیٹھوں گا۔اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے حقائق جاننے کے لیے ڈی جی ایف آئی اے کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔
انکوائری کمیٹی کو وزیراعظم آفس کی جانب سے درجن سے زائد سوالات بھجوا ئے گئے تھے، کمیٹی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اس بات کا تعین کرے کہ معاملے میں کون کون سے عناصر ملوث ہیں۔