ایلکس ہیلز کی بلے بازی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دباؤ سے نکالا

Feb 25, 2021

 لاہور(تبصرہ/حافظ محمد عمران) ایلکس ہیلز، افتخار احمد اور حسین طلعت کی شاندار بلے بازی کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو شکست دیدی۔ کراچی کنگز کے باؤلر196 رنز کے بڑے مجموعے کا دفاع کرنے میں بھی ناکام رہے۔ عامر یامین کے اوور سے رنز بننے کا شروع ہونے والا سلسلہ آخری اوور تک جاری رہا۔ مصباح الحق کے تھری ڈی کرکٹر افتخار احمد نے مشکل وقت میں بہترین بلے بازی کی۔ پہلے میچ میں ناکام رہنے والے حسین طلعت، افتخار اور آصف علی نے بھی فتح میں حصہ ڈالا۔ اس سے پہلے کراچی کنگز کی افتتاحی جوڑی شرجیل خان اور بابر اعظم نے نسبتاً سست رفتاری سے اننگز کا اغاز کیا اور پاور پلے میں دونوں بلے باز زیادہ رنز نہ بنا سکے لیکن بعدمیں دونوں نے آزادانہ رنز سکور کیے۔ گیارہویں اوور میں شرجیل خان نے اپنی نصف سنچری سکور کی تو کنگز کا مجموعی سکور 91رنزتھا۔ ابتدا میں حسن علی اور فہیم اشرف نے کفایتی باؤلنگ کی لیکن شاداب خان کے دو اوورز میں بتیس رنز بنا کر کنگز نے رن ریٹ کو بہتر کیا۔ جارحانہ انداز میں بلے بازی کرنے والے شرجیل خان کے سامنے یونائیٹڈ کے باؤلرز بے بس دکھائی دیے۔ شرجیل خان نے چھٹے ایڈیشن کی پہلی سنچری بھی سکور کی۔ یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان دو اوورز میں بتیس رنز دینے کے بعد باولنگ سے چھپتے رہے۔ بابر اعظم اور شرجیل خان نے پہلی وکٹ کیلئے 176 رنز سکور کیے‘شرجیل خان نے شاندار سنچری بنائی۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی دو وکٹیں تو گریں لیکن ایلکس ہیلز کی جارحانہ بلے بازی نے یونائیٹڈ کو دباؤ سے نکالا، یونائیٹڈ نے چار اوورز میں 55 رنز بنا کر کراچی کنگز پر دباؤ بڑھایا۔ ہیلز کیساتھ فہیم اشرف بھی پراعتماد بیٹنگ کر رہے تھے ۔ ہیلز اور فہیم کے آؤٹ ہونے کے بعد رنز بنانے کی رفتار میں کمی تو آئی لیکن دونوں نے ذمہ داری سے انتالیس گیندوں پر پچاس رنز کی شراکت داری مکمل کر لی۔ دونوں کی پارنٹر شپ اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں واپس لے آئی اور پھر اسی پارٹنر شپ نے فتح میں سب سے اہم کردار ادا کیا۔

مزیدخبریں