نااہلی کیس: فیصل واوڈا کی عدم پیشی پر معافی الیکشن  کمشن کو 50ہزار جرمانہ ادا کر دیا

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ وقائع نگار) الیکشن کمشن نے نااہلی کیس میں فیصل واوڈا کی مسلسل عدم پیشی پر کہا ہے کہ خواہ مخواہ کیس کو لٹکانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آج تک فیصل واوڈا نے جواب بھی جمع نہیں کرایا۔ ممبر بلوچستان نے کہا کہ لگتا ہے فیصل واوڈا کمشن کو کچھ سمجھتے ہی نہیں۔ وہ جس پارلیمان کے رکن ہیں اسے عزت دیں۔  بدھ کو الیکشن کمشن میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی تو وہ حسب معمول پیش نہ ہوئے۔ ان کے وکیل نے طلبی کا حکم واپس لینے کی درخواست دائر کرتے ہوئے گزشتہ سماعت پر عدم پیشی پر الیکشن کمشن کی جانب سے عائد 50 ہزار روپے کے جرمانے پر بھی اعتراض اٹھا دیا۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ درخواستوں کے قابل سماعت نہ ہونے پر تفصیلی دلائل دئیے ہیں۔ ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ خواہ مخواہ کیس کو لٹکانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ آج تک فیصل واوڈا نے جواب بھی جمع نہیں کرایا۔ ممبر بلوچستان نے کہا کہ لگتا ہے فیصل واوڈا کمشن کو کچھ سمجھتے ہی نہیں۔ ممبر پنجاب الطاف قریشی نے کہا کہ قانون میں کہاں لکھا ہے کہ سماعت کا اختیار نہیں؟۔ بہتر ہوگا اپنا اور ہمارا وقت ضائع نہ کریں۔ صاف صاف بتائیں فیصل کیوں نہیں آئے؟ کیا وہ قانون سے بالاتر ہیں؟ جس پارلیمان کے وہ رکن ہیں کیا انہیں اس کی بالادستی کا احترام نہیں؟۔ وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا کراچی میں ہیں، ان کی والدہ بیمار ہیں اس لئے نہیں آسکے۔ ممبر پنجاب نے کہا کہ جہاں اتنے جھوٹ بولے وہاں ایک جھوٹ جہاز کا ٹکٹ نہ ملنے کا بھی بول دیتے۔ فیصل واوڈا جس پارلیمان کے رکن ہیں اسکو عزت دیں۔ فیصل واوڈا نے 50  ہزار روپے جرمانہ کمشن کو جمع کروا دیا جسے الیکشن کمشن نے سویٹ ہوم میں جمع کرانے کی ہدایت کی۔ ممبر کے پی ارشاد قیصر نے کہا کہ الیکشن ٹربیونل کراچی نے دوہری شہریت کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھانے کا کہا۔ الیکشن کمشن ہی متعلقہ فورم ہے جو یہ کیس سن سکتا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا چاہتے ہیں سینیٹر بن جائیں تاکہ یہ کیس ختم ہو سکے۔ فیصل واوڈا نے عدم پیشی پر الیکشن کمشن سے معافی مانگ لی جبکہ کمشن نے فیصل واوڈا کو10 مارچ کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا نااہلی کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا۔ رجسٹرار آفس کی کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عامر فاروق 3 مارچ کو فیصل واوڈا نااہلی کیس پر سماعت کریں گے۔ یاد رہے کہ درخواست گزار میاں فیصل نے بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے درخواست دائر کر رکھی ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...