لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے مقامی عدالت میں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ سینٹ انتخابات کے نتائج سمیت ملک کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔ یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو اپنی قیادت کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر حمزہ شہباز، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب اور عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ یوسف رضا گیلانی نے شہباز شریف کو آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔ ملاقات میں ضمنی انتخابات اور ڈسکہ کے نتائج بارے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر سے سینٹ کے انتخاب میں حمایت کی باضابطہ درخواست بھی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کی بالا دستی کیلئے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی۔ حمایت کرنے پر مسلم لیگ (ن) او رپی ڈی ایم کا مشکور ہوں۔ ہم نے پارلیمنٹ کو عزت دی اور اس کی بالا دستی کے لیے کام کیا۔ جب وزیر اعظم تھا تو تصادم کی نوبت نہیں آنے دی۔ سرپرائز تو ہو چکا، پہلے مجھے نااہل کرانا چاہا پھر میں اہل ہوا، ہم ہارس ٹریڈنگ کی مذمت کرتے ہیں۔ حکومت آرڈیننس کے ذریعے جس طرح کی ترمیم کرنا چاہتی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ پی ڈی ایم ایک حقیقت ہے اور اس نے ضمنی انتخابات میں بہترین نتائج دئیے ہیں۔ کامیابی جمہوریت کی کامیابی ہے۔ سینٹ الیکشن میں بھرپور مقابلہ کرینگے۔