اسلام آباد (عبداللہ شاد- خبر نگار خصوصی) کل چھبیس فروری کو بھارت کے متنازعہ زرعی قوانین پر کسان تنظیمیں گلوبل لائیو ویبینار کریں گی۔ یہ صبح 9 سے دوپہر 2 تک جاری رہے گا۔ اس میں دنیا کے تقریباً تمام کسان رہنما شامل ہوں گے۔ ویبینار کا عنوان ’’ تین زرعی قانون کا بھارتی کسانوں پر اثر‘‘ رکھا گیا ہے۔ ویبینار کیلئے کیلیفورنیا، نیویارک، میلبرن اور برطانیہ کا وقت بھی شیئر کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی حریت پسند تحاریک کا دائرہ مغربی بنگال اور مہاراشٹر تک وسیع ہو گیا ہے۔ سکھ فار جسٹس کے سربراہ گرپتوت سنگھ پُنوں نے وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتا بینر جی اور وزیراعلیٰ مہاراشٹر ادھو ٹھاکرے کو خط لکھ کر کہا ہے کہ اگر وہ بی جے پی، آر ایس ایس کی ریشہ دوانیوں سے بچنا چاہتے ہیں تو انھیں خود کو علیحدہ مملکت بنانا ہو گا۔ گلوبل ویبینار اور سکھ فار جسٹس کے خط سے بھارتی افواج بری طرح بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔