کراچی (انٹرویوو/عطاء اللہ ابڑو) پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات اور سندھ سے سینٹ کی نشست پر نامزد امیدوار پلوشہ خان نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے کوئی بھی شہری کسی بھی صوبے یا شہر سے انتخاب لڑ سکتا ہے۔ یہ اس کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت سیاسی صورتحال گھمبیرہوچکی ہے حکمراں جماعت کے وزراء اور پارٹی کے سرکردہ رہنماء روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے وزراء اور سیاسی پارٹی رہنمائوں کو وفاقی حکومت سے خاصے تحفظات ہیں۔ جس سے حکومت کی صفوں میں کھلبلی مچی ہوئی یہ کہنا خاصا مشکل ہوگا حکومت کے لیے سینٹ الیکشن کے بعد کیا نتیجہ سامنے آتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں سمجھتی ہوں کہ پاکستان کی خواتین کیلئے پیپلز پارٹی سے بہترکوئی جماعت ہو ہی نہیں سکتی۔ چاہے مرد ہو یا عورت پیپلز پارٹی نے اسے میرٹ کی بنیاد پر اس کا حق ضرور دیا ہے۔ پلوشہ خان نے سندھ کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے کہاکہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر نے ضمنی الیکشن کے دوران قانون کی پاسداری نہیں کی جوکہ سب کے سامنے آج کے دور میں کسی سے کوئی بات ڈھکی چھپی نہیں رہ سکتی۔ پلوشہ خان نے آخر میں انہوں نے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹوکے سیاسی مستقبل کے حوالے سے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نوجوان طبقہ میں خاصے مقبول ہیں اور وہ ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آئندہ وزیراعظم کے لیے کرسی ان کامقدربن چکی ہے۔