لاہور (نیوز رپورٹر) بزدار حکومت کی جانب سے بے گھر افراد کے لئے بڑی خوشخبری، ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کی تعمیر کیلئے ایک اور سنگ میل عبور۔ ایل ڈی اے اور بینک آف پنجاب کے درمیان 4ہزار اپارٹمنٹس کی تعمیر کے لئے تاریخ ساز معاہدہ طے پا گیا۔ 10ارب روپے کی لاگت سے 800کنال اراضی پر 4ہزار اپارٹمنٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت بینک آف پنجاب ایل ڈی اے سٹی نیا پاکستان اپارٹمنٹس کے لئے مالی وسائل مہیا کرے گا۔ وزیراعلی آفس میں تقریب میں معاہدے پر دستخط کئے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ایل ڈی اے کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ جبکہ بینک آف پنجاب کے صدر ظفر مسعود نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اپارٹمنٹس تعمیر کرے گی اور اپارٹمنٹس کی الاٹمنٹ کے لئے شفاف طریقے سے قرعہ اندازی ایل ڈی اے کی ذمہ داری ہوگی۔ بینک آف پنجاب الاٹمنٹ کے لئے درخواستیں وصول کرے گا۔ متوقع الاٹیوں کو لیٹر آف کمفرٹ جاری کرے گا اور بینک آف پنجاب قرعہ اندازی میں کامیاب درخواست گزاروں کو اسلامک مارگیج فنانسنگ کے تحت آسان شرائط پر قرض مہیا کرے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے بے گھر افراد کو چھت فراہم کرنے کے ویژن کو آج عملی تعبیر دی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستان میں عام شہریوں کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لئے سرکاری محکموں اور قومی بینکوں نے ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ معاہدہ پاکستان میں رہائشی مکانات کی فراہمی کیلئے ایک نئے کلچر کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا۔ عام شہری بھی اپنے گھروں کے مالک بن سکیں گے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایل ڈی اے سٹی ہاؤسنگ سکیم میں شامل موضع ہلوکی میں واقع ساڑھے آٹھ ہزار کنال اراضی پر تین سال کی مدت میں 35ہزار 24 اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ جگہ رنگ روڈ سے ملحقہ ہے اور فیروز پو رروڈ اور ڈیفنس روڈ سے بھی قریب ہے۔ اراضی پر سڑکوں‘ واٹر سپلائی‘ سیوریج‘ زیر زمین بجلی کی ترسیل اور دیگر انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے 20 ارب روپے کا پی سی ون منظور کرلیا گیا ہے اور اپارٹمنٹس تعمیر کرنے کے لئے 10 ارب روپے کا پی سی ون منظور کر لیا گیا ہے۔ اپارٹمنٹ کی قیمت تقریباً 27 لاکھ روپے ہو گی۔ بکنگ صرف 10 فیصد ڈاؤن پے منٹ سے کروائی جاسکے گی۔ باقی قیمت کی ادائیگی قسطوں میں ہو گی۔ اپارٹمنٹ کا قبضہ صرف ڈیڑھ سال کی مختصر مدت میں الاٹی کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اپارٹمنٹس خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف سے 3 لاکھ روپے کی سبسڈی اور قومی بینکوں کی طرف سے اسلامی بینکاری (تکافل)کے اصولوں کے تحت آسان شرائط پر قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ مارگیج فنانسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی خاطر 7 بینکوں کا کنسورشیم قائم کر دیا گیا ہے اور ان بینکوں میں پنجاب بینک، حبیب بینک، فیصل بینک، بینک الفلاح، یوبی ایل، میزان بینک اور نیشنل بینک شامل ہیں۔ یہ قرضے پانچ سے دس اور بیس سال کی مدت میں واجب الادا ہوں گے۔ وزیراعلی آفس میں منعقد ہونے والی تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید، اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا، عمرآفتاب، وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلا س ہوا، جس میں صوبے کی مالی پوزیشن اور ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ جاری ترقیاتی سکیموں کو مقرر کردہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے سیکرٹریز کو ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا خود جائزہ لینے کی ہدایت کی ترقیاتی سکیموں میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی-مانیٹرنگ کا مؤثر نظام ضروری انہوں نے کہاکہ میں جلد پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا دورہ کروں گا اور پیشرفت کا خود جائزہ لوں گا۔ وزیر اعلی عثمان بزدارنے کہاکہ فلاح عامہ کی سکیموں کے لئے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے پر فوکس کیا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیر اعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی برس کی محصولات گزشتہ برس کے مقابلے میں تقریبا 7 فیصد زائد ہیں جبکہ 191 ارب روپے ترقیاتی فنڈز کی مد میں جاری کر چکے ہیں ۔
چار ہزار’’ نیا پاکستان اپارٹمنٹس‘‘ تعمیر کا معاہدہ ویژن‘ کوتعبیر دیدی: عثمان بزدار
Feb 25, 2021