بوگس اسلحہ لائسنسوں کی ویری فکیشن کرنے والے6 نادرا اہلکار برطرف 

 ملتان(خبر نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی سفارش پر کرپٹ مافیا کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ضلع ملتان میں857 بوگس اسلحہ لائسنسوں کی ویری فکیشن کرنے والے نادرا کے6 اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کردیا گیاہے۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی انکوائری کی روشنی میں نادرا نے ملازمین کی برخواستگی کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی نے ڈپٹی کمشنر کو بوگس اسلحہ لائسنسوں کی ویری فکیشن کی نشاندہی کی تھی جس پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر رانا اخلاق احمد کی سربراہی میں انکوائری ٹیم تشکیل دی۔رانا اخلاق احمد خان نے انکوائری میں 857 بوگس اسلحہ لائسنسوں کی ویری فکیشن کا انکشاف کیا تھا۔انکوائری کے مطابق نادرا ملازمین کی ملی بھگت سے بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے نقلی انگوٹھوں کے نشان کے تحت ویری فکیشن کی گئی۔بوگس ویری فکیشن نادرا کے اسلحہ لا ئسنس پراجیکٹ کے مظفر گڑھ، راجن پور اور پاکپتن میں قائم دفاتر کے ذریعے کی گئی۔ڈپٹی کمشنر ملتان کی طرف سے ارسال کی گئی رپورٹ کی روشنی میں نادرا نے اپنے6 ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کا آرڈر جاری کردیا ہے۔برخاست ہونے والوں میں جونیئر ایگزیکٹیوز عمیر جاوید،محمد حسنین قریشی،سیف الرحمان، محمد سلمان کے علاوہ جعفر احمد نائب قاصد اور محمد شہباز انور چوکیدار بھی شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن