مضبوط‘ ترقی یافتہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ضروری ہے: صدر آزاد کشمیر

Feb 25, 2021

لاہور+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نیوز رپورٹر) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود احمد خان نے پاکستانی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کو مضبوط بنانے کے لئے توانائیاں صرف کریں کیونکہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ضروری ہے۔ وہ  پنجاب یونیورسٹی سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز کے زیر اہتمام مسئلہ کشمیر پر قومی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان ادھورا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والا ملک ابھی تک ادھورا ہے کیونکہ کشمیر کو تاحال آزادی نہیں ملی۔  کشمیر پاکستان کی حقیقی معنوں میں شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک فاشسٹ پارٹی ہے جو بھارت سے مسلمانوں کا خاتمہ چاہتی ہے۔ بھارت کے عزائم میں ریاست جموں و کشمیر پر مکمل قبضہ اور بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ کرنا شامل ہے۔ دوسری جانب وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے سابق سفارتکار عارف کمال سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ مودی نے تحریک آزادی کشمیر کو کچلنے کے لیے ہٹلر طرز کا آپریشن شروع کررکھا ہے۔ معصوم بچوں تک کو جیل میں ڈالا جارہا ہے۔ کشمیریوں سے ان کی ثقافت، تاریخ چھینی جارہی ہے۔

مزیدخبریں