اسلام آباد (نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر انسدا دمنشیات بریگیڈیئر (ر)اعجازاحمد شاہ نے کہا ہے کہ منشیات پوری قوم کا مسئلہ ہے ہر شخص کو منشیات کی لعنت کے خلاف اٹھنا ہوگا، منشیات سے ہماری آئندہ نسلیں تباہ ہو سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انسداد منشیات واک کے دوران میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ واک ڈی چوک اسلام آباد سے پارلیمنٹ ہائو س تک منعقد ہوئی جس میں ڈائریکٹرجنرل اینٹی نارکوٹکس میجر جنرل عارف ملک، وزارت انسداد منشیات اوراے این ایف کیافسران نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات نے کہا کہ اس واک کا مقصد منشیات کے خلاف آگاہی پیدا کرنا ہے ۔ واک کے دیگر شرکا میں عوام، مختلف اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ، پاکستان بوائز سکاوٹس، گزلز گائیڈز، سول سوسائٹی، یو این او ڈی سی اور این جی اوز کے نمائندے شامل تھے- واک کا آغاز ڈی چوک اور اختتام پارلیمنٹ ہائوس پر ہوا- واک کے شرکا میں انسداد منشیات سے متعلق کتابچے تقسیم کئے گئے۔