اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)اپنے نوعیت کے انوکھے اور انسان دوستی کی مثال کرتارپور راہداری منصوبے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے گردوارہ کرتار پور گورننگ باڈی کا اجلاس کا چوتھا اجلاس آج وزارتِ مذہبی امور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت کے شعبہ بین المذاہب ہم آہنگی کے افسران سمیت وزارتِ خارجہ، وزارتِ خزانہ ، وزارتِ داخلہ ، متروکہ وقف املاک بورڈ ، نادرا اور متعلقہ سیکورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکھ یاتریوں کو سہولیات کی فراہمی سے متعلق جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری سردار اعجاز خان جعفر کا کہنا تھا کہ کرتارپور راہداری منصوبہ انسان دوستی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار مثال ہے۔ ملکی وغیر ملکی سکھ یاتریوں کی خدمت ، سہولت اور رہنمائی کا نظام مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔ مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے گوردوارہ کرتارپور کی رابطہ سڑکوں کو مزید بہتر کیا جا رہا ہے۔ مستقبل قریب میں اس منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
کرتارپور راہداری منصوبہ بین المذاہب ہم آہنگی کی شاندار مثال ہے، سردار اعجاز جعفر
Feb 25, 2021