کراچی (نیوز رپورٹر )پراونشل کوآرڈینیشن اینڈ امپلی مینٹیشن کمیٹی (PCIC)کی عملدرآمد کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کے روز بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مرکزی دفتر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی اور عملدرآمد کمیٹی کے چیئرمین لئیق احمد کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کمشنر کراچی نوید احمد شیخ، PCIC ، کے الیکٹرک، سوئی گیس، کنٹونمنٹ بورڈز کے نمائندوں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی سربراہان نے شرکت کی، اجلاس میں ایسے مسائل پر غور کیا گیا جو کراچی کے شہریوں کو مختلف یوٹیلیٹی اور بلدیاتی سہولتوں پر مامور اداروں کے درمیان تنازعے کا سبب ہونے کے باعث تیزی سے کاموں کو مکمل کرنے کی راہ میں حائل ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک اور کے ایم سی روڈ کٹنگ، بلنگ، اسٹریٹ لائٹس کو بجلی کی مسلسل فراہمی اور بقایا جات کی ادائیگی کے لئے ون ونڈو آپریشن کرے گی تاکہ مسائل کے حل میں تاخیر نہ ہو، اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی کی مرکزی شارع فیصل پر مختلف اداروں کی حدود اور ملکیت کے دعوے کے باعث مختلف نوعیت کے مسائل گزشتہ کئی سالوں سے حل طلب ہیں جنہیں حل کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو فی الفور حدود کا واضح تعین اور ملکیت کا مسئلہ حل کرے گی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کے الیکٹرک سے کہا کہ وہ شہر میں جب کوئی اہم ایونٹ ہو رہا ہو کم از کم اس دوران اسٹریٹ لائٹس کی بجلی بند نہ کریں، کراچی میں امن مشقیں جن میں دنیا کے مختلف ممالک شامل ہوئے جاری تھیں جبکہ پی سی ایل کے میچز بھی کراچی میں منعقد ہو رہے ہیں جو اس کی رونقوں کا سبب ہیں لیکن اس دوران اسٹریٹ لائٹس کا بند کیا جانا باعث تعجب ہے۔