عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 64 اموات اور ایک ہزار 361 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 12 ہزار 772 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 75 ہزار 941 ہو گئی ہے۔
ملک بھرمیں ایکٹو کیسز کی تعداد 23 ہزار281 ہے اور 24 گھنٹے میں مزید ایک ہزار 681 افراد کورونا سے صحتتیاب ہوئے۔
اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 43 ہزار901، خیبر پختونخوا 71 ہزار490، سندھ 2 لاکھ 57 ہزار 89، پنجاب میں ایک لاکھ 69 ہزار474، بلوچستان19 ہزار10، آزاد کشمیر10 ہزار22 اور گلگت بلتستان4 ہزار 955 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔
کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 5 ہزار308 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 4 ہزار315، خیبر پختونخوا 2 ہزار58، اسلام آباد494، گلگت بلتستان میں 102، بلوچستان میں 199 اور آزاد کشمیر میں 296 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا کی ویکسینیشن جاری ہے اور پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ 63 سال سے بڑی عمر کے افراد کو بھی ویکسینیشن کا عمل شروع کیا جا چکا ہے۔
ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جائے گا۔
ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کے لیے پنجاب میں 189 اور سندھ میں 14 مراکز قائم کیے گئے ہیں جبکہ خیبر پختونخوا میں 280، بلوچستان میں 44 اور اسلام آباد میں 14 ویکسینیشن سینٹر قائم کیے جا چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 25 اور گلگت بلتستان میں بھی 16 مراکز کے ذریعے ویکسینیشن کی جائے گی۔