ہارس ٹر یڈ نگ کے خاتمے اور اوپن بیلٹ سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ کو عزت ملے گی-چوہدری سرور

Feb 25, 2021 | 17:19

ویب ڈیسک

  گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں اپوزیشن سے مقابلے کے لئے حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں۔ہارس ٹر یڈ نگ کے خاتمے اور اوپن بیلٹ سے سینیٹ انتخابات میں ووٹ کو عزت ملے گی۔ 26مارچ کے بعد تاریخ کی تبدیلی کے علاوہ اور کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اب 2023کے عام انتخابات میں عوام ووٹ کی طاقت سے ہی فیصلہ کریں گے کہ کون حکومت میں اور کون سی جماعت اپوزیشن میں ہوگی۔وہ جمعرات کے روز(ق) لیگ کے سیکرٹری جنرل و وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے گفتگو کررہے تھے۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) لیگ کے سیکرٹری جنرل و و فاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران حکومتی،اتحادی اور سیاسی  امور سمیت دیگر معاملات کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اتحادی مل کر اپوزیشن کو شکست دیں گے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اتحادیوں کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اورسینیٹ انتخابات میں بھی حکومت اتحادیوں کے امیدوارں کو بھر پور سپورٹ کرے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ انشاء اللہ سینیٹ انتخابات میں حکومت اور اس کے اتحادی امیدوار ہی کامیاب ہوں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے کسی لانگ مارچ سے ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مارچ 2021.مارچ 2022اور مارچ2023 میں بھی پی ڈی ایم ہی ناکام ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ2023 تک حکومت اور وزیراعظم عمران خان آئینی مدت کا آخری دن بھی پوراکرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ ضد کی سیاست چھوڑ دیں کیونکہ ضد کی سیاست خود اپوزیشن کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم قائدین جتنی مر ضی ملاقاتیں کر یں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑ ے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے لیے حکومت نے الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر کام کا آغازکر دیا ہے اورملک میں شفاف انتخابات کے لیے حکومت نیک نیتی سے کام کررہی ہے۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملکی مفاد میں اپوزیشن کو بھی اپنا مثبت کردار اداکرنا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ انشااللہ سینیٹ انتخابات میں حکومت اور ہم ہی کامیاب ہونگے۔

مزیدخبریں