پی ایس ایل ٹیم کراچی کنگز کے اوپننگ بیٹس مین شرجیل خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ جیسے پلیٹ فارم پر کارکردگی دکھانے کے بعد کسی بھی پلیئر کی صلاحیتوں کے بارے میں قائم تمام شکوک و شبہات دور ہو جاتے ہیں۔اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف میچ میں شاندار سنچری اسکور کرنے کے بعد31سالہ بیٹسمین نے کہا کہ وہ اس طرح کی ایک اننگز کے شدت سے منتظر تھے کہ جس سے ان کا اعتماد ایک بار پھر بحال ہو جائے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں اسلام آباد یونائٹید کے خلاف میچ میں سنچری سے ان کا اعتماد اور بھی بہتر ہو گا اور وہ کارکردگی کے اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔شرجیل خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی فارمیٹ میں سنچری بنانے کے بعد پلیئر کا مورال کافی بلند ہو جاتا ہے، اس سال ڈومیسٹک سیزن میں بھی تین سنچریاں اسکور کیں جن میں دو فرسٹ کلاس اور ایک لسٹ اے سنچری تھی تاہم پی ایس ایل کی سنچری سب سے زیادہ اہم اور متاثر کن ہے کیوںکہ پی ایس ایل میں پرفارمنس رائیگاں نہیں جاتی اور اگر کسی پلیئر کی صلاحیتوں اور قابلیت پر کسی کو شبہ ہوتا ہے تو یہاں کی پرفارمنس ان تمام شکوک و شبہات کو بھی دور کر دیتی ہے۔بابر اعظم کے ساتھ 176رنز کی پی ایس ایل کی ریکارڈ پارٹنرشپ کے بارے میں شرجیل خان نے کہا کہ بابر ان کے پرانے بیٹنگ پارٹنر ہیں، ڈومیسٹک سیزن میں بھی ان کے ساتھ بیٹنگ کی ہے، ان کے ساتھ اچھی ہم آہنگی ہے، دونوں ایک دوسرے کے ساتھ بیٹنگ شراکت کو بھرپور انداز میں انجوائے کرتے ہیں۔شرجیل خان نے کہا کہ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ کا پہلا میچ شاندار انداز میں جیتا تھا، دوسرے میں شکست ضرور ہوئی لیکن ابھی ٹورنامنٹ کی شروعات ہے، ابھی بہت سے میچز ہونے ہیں جس میں بہت ٹیموں کی پوزیشن اوپر نیچے ہو گی، کراچی کنگز کی ٹیم نے جیسا پچھلے سیزن میں کھیلا تھا اس سیزن میں بھی ویسا ہی کھیلے گی اور ٹرافی کے دفاع کی پوری کوشش کرے گی۔