لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے

Feb 25, 2021 | 20:47

کامرس رپورٹر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نے کاروباری برادری اور مقامی صنعت کے مفادات کے تحفظ اورباہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر منظور چوہدری اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کے صدرخرم ملک نے اپنی اپنی تنظیموں کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔لاہور چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ایچ وی اے سی آر سید مختار علی و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق لاہور چیمبر اور پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کاروباری برادری کے لئے سیمینار،ٹریننگ اور ورکشاپس کے انعقاد کے لئے تعاون کریں گے۔لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر طاہر منظور چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان مشکل معاشی حالات میں جدت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے، صنعتوں کو اپنی پیداواری صلاحیت اور مسابقت کو بہتر بنانے کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مزید سازگار کاروباری پالیسیاں مرتب کرکے آئندہ چند سالوں میں صنعتی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی نئی عمارتوں میں توانائی بچت کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ موثر ہیٹنگ، وینٹیلیشن، ایئر کنڈیشنگ اور ریفریجریشن کے جدید نظام کی تنصیب سے نہ صرف توانائی کی کافی بچت ہوگی بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے اس شعبے کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے کے لئے ایک ایچ وی اے سی آر کمیٹی تشکیل دی ہے۔انہوں نے لاہور چیمبرکی جانب سے کاروباری اور صنعتی اداروں میں توانائی کے موثر نظام کے استعمال کے فوائد کے بارے میں بزنس کمیونٹی میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کے لئے پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ صدر، پاکستان ایچ وی اے سی آر سوسائٹی خرم آر ملک نے کہا کہ ان کی سوسائٹی لاہور چیمبر کے ساتھ مل کر سرمایہ کاروں کو عمارتوں کی تعمیرمیں موثر ٹیکنالوجی کے استعمال کے لئے رہنمائی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو ٹیسٹنگ لیبز قائم کرنی چاہیے جو ایچ وی اے سی آر سسٹم کی برآمد کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔

مزیدخبریں