کپاس ہمارے ملک کی اہم ترین فصل ہے۔موجودہ حکومت کپاس کی سابقہ حیثیت کی بحالی کے لئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔امسال کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا بیج سبسڈی پر فراہم کیا جائے گا جس پر کیڑوں کے حملہ کے امکانات قدرے کم ہوں گے ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے منسٹرز بلاک لاہور میں منعقدہ کپاس کی ایڈوائزی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ میٹنگ میں گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلیوں اور کیڑوں کے حملہ کے باعث کپاس کی پیداوار میں کمی کا نوٹس لیا گیا اور آئندہ کپاس کی پیداوار میں بہتری کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب نے کپاس کی آئندہ فصل کو کیڑوں سے بچانے کیلئے جعلی زرعی ادویات کے خلاف جاری مہم میں تیزی اور مارکیٹ میں معیاری زرعی مداخل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے کاشتکاروں کو کپاس کی فصل کی طرف راغب کرنے کے لیے طویل المدت کی منصوبہ بندی، سبسڈی و مراعات کی فراہمی اور بھر پور آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر نے زرعی سائنسدانوں کو کپاس کی ایسی اقسام کی دریافت پر زور دیا جو جاری موسمیاتی تبدیلیوں کو برداشت کر سکیں اور کیڑوں کے حملہ کے خلاف قوتِ مدافعت کی حامل ہوں۔وزیر زراعت نے کہا کہ کپاس کی جاری موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کپاس کے بیج کی پرانی ٹیکنالوجی کے استعمال کے باعث پیداوار میں کمی کا سامنا ہے۔جدید جینیاتی ساخت کے حامل بیج کے استعمال سے فصل پر سفید مکھی،گلابی سنڈی و دیگر کیڑے مکوڑوں کا حملہ کم ہوگا اور یہ اقسام جڑی بوٹیوں کے خلاف بھی موثر ثابت ہوں گی جس کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے ساتھ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ کپاس کی بحالی ایک چیلنج ہے جس کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کر نا ہو گا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی،سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب ثاقب علی عطیل، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر محمد انجم علی، چیف ایگزیکٹو پارب ڈاکٹر عابد محمود،ایم ڈی پنجاب سیڈ کارپوریشن محمد خالد راجو اورڈائریکٹر کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان ڈاکٹر صغیرسمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
امسال کپاس کے کاشتکاروں کو محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا بیج سبسڈی پر فراہم کیا جائے گا:صوبائی وزیر زراعت پنجاب
Feb 25, 2021 | 22:45