صوبے بھر میں قائم 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی 100 فیصد آبادکاری حکومت کی پالیسی ہے:میاں اسلم اقبال

Feb 25, 2021 | 23:14

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن جمیل احمد جمیل نے ڈائریکٹر خالد الرحمن کے ہمراہ اُن کے دفتر میں ملاقات کی اور صوبائی وزیر کو پنجاب سمال انڈسٹریل ا سٹیٹس کی کالونائزیشن پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیرمیاں اسلم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں قائم 23 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی 100 فیصد آبادکاری حکومت کی پالیسی ہے۔سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی آباد کاری کے عمل کو تیز کرنے کیلئے پیسک سمال انڈسٹریل اسٹیٹس پالیسی 2019 ء بنائی گئی جس کے تحت سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کی کالونائزیشن کے عمل میں تیزی لانے کیلئے آلاٹیز کو 5.8 ارب روپے کا مراعاتی پیکیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خالی پلاٹوں پر صنعتی یونٹس لگانے کیلئے غیر تعمیراتی چارجز میں 50 فیصد کی رعایت دی گئی ہے۔ اس طرح پنجاب روزگار سکیم کے تحت سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں صنعتی یونٹس لگانے کے لئے آسان قرضوں کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
میاں اسلم اقبال نے بتایاکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں 9 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ یہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹس ڈی جی خان، میانوالی،جھنگ،ساہیوال،منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ لاہورموٹروے،سرگودھا، اور کھیوڑہ میں بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہسرجیکل سٹی سیالکوٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے صنعتکاری کے فروغ کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی ہے کیونکہ صنعتی ترقی سے مجموعی قومی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے اورصنعت وحرفت ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کو روزگار کی فراہمی کی بناپر غربت کے خاتمے میں معاون ہیں۔
ایم ڈی پیسک جمیل احمد جمیل نے بتایا کہ 14 سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں 100فیصد کالونائزیشن مکمل ہوچکی ہے اورمختلف سمال انڈسٹریل اسٹیٹس میں 557 پلاٹوں پر 503 صنعتی یونٹس تیزی سے لگائے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں