وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ضلع لیہ میں 88 نئے صحت گھربنانے کی منظوری دے دی

 وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ضلع لیہ میں 88 نئے صحت گھربنانے کی منظوری دے دی ہے۔وزیر صحت نے یہ منظوری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں جنوبی پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی مزیدبہتری کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔اجلاس میں سیکرٹری صحت برسٹر نبیل اعوان،سیکرٹری جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرآصف طفیل، میاں زاہدالرحمن باٹہ اور ایڈیشنل سیکرٹری جنوبی پنجاب ڈاکٹرشاہدلطیف نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے وزیر صحت کوجنوبی پنجاب میں صحت انصاف کارڈزکی تقسیم اور ضلع لیہ میں نئے صحت گھرکے منصوبہ کی تفصیلا ت پیش کیں۔
    صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ لیہ کی عوام کو 88 نئے صحت گھروں کی شکل میں ایک بہترین تحفہ دے رہے ہیں۔صحت گھروں کے منصوبہ کی نگرانی سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی کریں گے۔ہر صحت گھر دس ہزارکی آبادی پرقائم کیاجارہاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ ہر صحت گھرمیں ڈاکٹرزاور ادویات کو یقینی بنایاجائے گا۔صحت گھروں میں ڈاکٹرز،ڈسپنسززاور لیڈی ہیلتھ ورکرزفرائض سرانجام دیں گے۔صحت گھروں کے ذریعے غیر مستندافراداور عطائیت کے خلاف ایکشن میں مددحاصل ہوسکے گی۔وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارکے ویژن کے مطابق جنوبی پنجاب کی عوام کو صحت کے شعبہ میں بہترسہولیات فراہم کریں گے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ جنوبی پنجاب کی عوام نے ماضی میں ہمیشہ خاندانی سیاستدانوں سے دھوکہ کھایاہے۔تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کی عوام کوان کااصل حق دلوانے میں تاریخی کرداراداکررہی ہے۔جنوبی پنجاب کی تین ڈویژنزملتان،ڈی جی خان اور بہاول پورمیں صحت کی بہترسہولیات کویقینی بنایاجارہاہے۔عمران خان کے سپاہی ہونے کے ناطے عوامی خدمت پرمکمل یقین رکھتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان پنجاب کی عوام کیلئے صحت اور تعلیم کے شعبہ جات میں زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیداکرناچاہتے ہیں۔جون 2021تک ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژنزکے تمام خاندانوں میں صحت سہولت کارڈزتقسیم کردئیے جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن