لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی جس میں کہا گیا ہے کہ شاہدرہ سے گجومتہ تک میٹروبس سروس کا منصوبہ، میٹرو ٹریک پر چلنے والی نئی بسیں بھی سات ماہ بعد جواب دینا شروع ہو گئیں۔ خراب ہونے والی بسیں پچھلے ایک ماہ سے میٹرو بس سکواڈ کا حصہ نہ بن سکیں۔ بس نمبر 9، 26 اور 28 شیشے ٹوٹنے اور تکنیکی خرابی کی وجہ سے ورکشاپ میں ہیں دوسری جانب انتظامیہ کی جانب سے بسوں کی کمی کی وجہ سے میٹروبس کے ہیڈ وے ٹائم میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق ہر بس کو سوا دو منٹ پر پہنچنا ہے لیکن بسوں کی کمی ہونے کی وجہ سے میٹروبس ساڑھے تین منٹ سٹاپ پر پہنچ رہی ہے سٹاپ پر بسوں میں تاخیر سے آنے پر میٹروبس سٹیشنز پر مسافروں کا رش بڑھنے لگا جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔