لاہور (سپیشل رپورٹر+ اے پی پی) معاون خصوصی اطلاعات وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے لاہور آرٹس کونسل کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام الحمراء لائیو میں خصوصی شرکت کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل ذوالفقار علی زلفی نے الحمراء لائیو کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ نوجوانوں فنکاروں کی پرفارمنس دیکھی اور انہیں داد دیتے ہوئے اپنے تاثرات میں کہا کہ فنون لطیفہ میں نوجوانوں کی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ پاکستانی نوجوان دنیا کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔ پروگرام میں ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ روبینہ افضل خان اور عوام کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔ پہلی دس نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو نقد انعام دیئے گئے۔ اے پی پی کے مطابق حسان خاور نے کہا ہے کہ سیاسی منظر نامے سے غائب ہوتی غیر متحدہ اپوزیشن واپسی کے لیے ہاتھ پائو ں مار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمبرز پورے ہونے کی دعویدار اپوزیشن جماعتیں حکومتی اتحادیوں کے در پر ماری ماری پھر رہی ہیں۔ نمبر گیم پوری ہوتی تو یہ لانگ مارچ منسوخ کر کے فورا تحریک عدم اعتماد لاتی۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران وضعدار سیاست دان ہیں، تمام جماعتوں سے انکی ملاقاتیں معمول کی بات ہیں۔ ترجمان حکومت پنجاب نے کہا کہ فی الوقت جہانگیر ترین گروپ کے ساتھ حکومت کا ایسا کوئی اختلاف نہیں جو حکومت کے لیے تشویش کا باعث ہو۔
نمبر پورے ہوتے تو اپوزیشن فوراً عدم اعتماد لاتی: حسان خاور
Feb 25, 2022