راولپنڈی(عزیز علوی)بلدیاتی انتخابات جوں جوں قریب آرہے ہیں سیاسی جماعتیں اپنی سرگرمیاں تیز کر رہی ہیں راولپنڈی سٹی کی تنظیم بننے کے بعد اچانک شہر میں پیپلز پارٹی کی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے میٹروپولیٹن اور ضلعی تنظیم سازی کردی ہے اس مرحلے پر مسلم لیگ ن کے قائدین سرگرم نہیں ہوئے محمد حنیف عباسی ، بیرسٹر دانیال ، راجہ حنیف ، سردار نسیم ، حاجی پرویز خان ، ملک شکیل اعوان اپنی اپنی جگہ بظاہر خاموش ہیں لیکن ان کے سیاسی مخالفین اس خاموشی کو بھی اپنے لئے چیلنج کی صورتحال سمجھتے ہوئے صف بندی کرنے میں مصروف ہیں پاکستان تحریک انصاف نے صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ کو میٹروپولیٹن تنظیم کا صدر اور راجہ ماجد دھنیال کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا ہے جبکہ ایم پی اے واثق قیوم عباسی کو ضلعی تنظیم کا صدر اور چوہدری زبیر کوجنرل سیکرٹری بنایا ہے راجہ راشد حفیظ اپنے حلقے میں تو متحرک رہتے ہیں لیکن راولپنڈی کی سیاسی ہلچل میں کافی عرصے سے خاموش تھے میٹروپولیٹن تنظیم میں فیاض الحسن چوہان ، شیخ راشد شفیق ، اعجان خان جازی ، حاجی چوہدری امجد ، محمد عارف عباسی اور شہر یار ریاض کو شامل کرکے موثر بنایا گیا ہے ایم پی اے واثق قیوم عباسی نے بھی اپنے صوبائی حلقے کو ہی فوکس میں رکھا ہے ضلع میں سارے وہی پارٹی رہنماء شامل کئے گئے ہیں جن کے پاس سرکاری عہدے بھی ہیں جس سے پی ٹی آئی اپنی تنظیم کو تیزی سے فعال رول ادا کرنے کی کوشش میں مصروف نظر آرہی ہے پیپلز پارٹی کی سٹی تنظیم کے صدر راجہ کامران حسین اور جنرل سیکرٹری راجہ شاہد محمود پپو اپنے عہدے سنبھالتے ہی پارٹی کے لانگ مارچ کیلئے سرگرم ہوگئے ہیں استقبالئے اور کارنر میٹنگز سے اپنی سرگرمیاں بڑہارہے ہیں جن کے ساتھ میاں خرم رسول بھی سامنے آئے ہیں جو27 فروری بروز اتوار کو سٹی تنظیم کے ساتھ مل کر لیاقت باغ میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کیلئے کوشاں ہیں مسلم لیگ ن کی راولپنڈی کی لیڈرشپ اپنی اپنی سطح پربظاہر خاموش ہے لیکن شادیوں اور جنازوں میںوہ پیش پیش ہیں ن لیگ میں سجاد خان اپنے گرین پیلس میں ن لیگی کارکنوں سے میل جول اور رابطے بڑھانے میں مصروف ہیں سابق سینیٹر چوہدری تنویر خان جن کے دو صاحبزادے بیرسٹر دانیال اور اسامہ چوہدری شہر کی سماجی تقریبات میں نمایاں رہتے ہیں ساڑھے تین سال بعد خاموشی سے وطن واپس پہنچے ہیں انہوں نے ابھی تک کسی تقریب میں بھی شرکت نہیں کی ان کے بڑے صاحبزادے بیرسٹر دانیال کی شادی کی تیاریاں جاری ہیں جن میں ان کی غیر معمولی مصروفیات ہیں بلدیاتی الیکشن میں لال حویلی کا رول بھی نمایاں ہے NA 60 تحریک انصاف کے ایم این اے شیخ راشد شفیق اورNA 62 عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کے حلقے ہیں لیکن دونوں کا سیاسی وزن اور کوششیں تحریک انصاف کیلئے مختص ہیں نئے بلدیاتی الیکشن کا نیا طریقہ کار بھی سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں نیا ہے جسے سمجھنے کیلئے وہ اپنے لئے نئے نئے راستے تلاش کرنے میں ہمہ تن مگن ہیں ۔
بلدیاتی الیکشن: راولپنڈی میں سیاسی جماعتوں کی سرگرمیاں،پی ٹی آئی ،پیپلزپارٹی متحرک
Feb 25, 2022