جمہوریت کا لبادہ اوڑھے آمر پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتے ک: شازیہ مری 

کراچی (نیوز رپورٹر)   پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ، پیپلز پارٹی بھی حقیقی جمہوریت کے لئے کوشاں ہے، ہمیں نہیں لگتا کہ سلیکٹڈ عمران خان عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری آج دو لاکھ کا مقروض ہوچکا ہے، آج غریب غریب تر اور مڈل مین غریب ہوچکا ہے، ڈی اے پی کھاد کے لئے کسان پریشان ہے، سندھ میں بھی کسانوں کی یہی صورتحال ہے۔     پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا میں سب کو رلاؤں گا اس لئے ہر طرف عوام کی چیخ و پکار ہے، ہم نے ڈکٹیٹر اور آمریت والی حکومتوں کو ہمیشہ ٹھوکر ماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان لوگوں کی قربانیوں کو نظر انداز کررہے ہیں، ہمیں روز بری خبر ملتی ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبے کے مطالبے کو آگے بڑھایا، بلاول بھٹو نے سلیکٹڈ حکومت کو آفر کی کہ  ہماری مدد کی ضرورت ہوئی تو کرینگے، بلاول بھٹو 27 فروری کو کراچی سے عوامی لانگ مارچ کریں گے۔جمہوریت کا لبادہ  اوڑھے ہوئے آمر ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتے، تمام شعبوں کے افراد جن کو حکومت نے دیوار سے لگایا ہے وہ مارچ میں شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ جب کسی نے کہا کہ گو عمران گو میں چلا جاؤں گا، اب تو ہر کوئی گو عمران گو کہہ رہا ہے اس لئے اب انہیں چلے جانا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن