صدر مملکت نے راولپنڈی میں ’’ بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر ‘‘کا افتتاح کر دیا 

Feb 25, 2022

راولپنڈی (نیوز ڈیسک)تھیلا سیمیا سنٹر واقع ٹیپو روڈ میں ’’پاتھ ویل بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر ‘‘کا افتتاح گذشتہ روز صد ر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے دست مبارک سے کیا ۔اس موقع پر پاتھ ویل بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرکے صدر میجر جنرل (ر) صہیب احمد،تھیلاسیمیا ویلفیئر سوسائٹی کے نائب صد ر ڈاکٹر جمال ناصر ، بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ماہر میجر جنرل (ر) پرویز احمد ،برگیڈیئر کامران، کیپٹن احمد بیگ، مرتضی ٰ برہا نی ،پاکستان تھیلا سیمیا ویلفیئر سوسائٹی کے عہدیداران ،طبی ماہرین ،فلاحی تنظیموں کے نمائندوں اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں ۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرکا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ تھیلا سیمیا اورخون کی دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے ،حکومت صحت عامہ کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ۔ تھیلاسیمیا ویلفیئر سوسائٹی کے نائب صدر ڈاکٹر جمال ناصر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کے افتتاح کے لئے آمد پران کا شکریہ ادا کیا ۔پاتھ ویل بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹر کے صدر میجر جنرل (ر) صہیب احمد نے اس موقع پر منصوبے بارے بر یفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ادارہ ہذاء میں 2000 سے زائد مریض رجسٹرڈ ہیں جبکہ ہر ماہ 500سے زائد بچوں کا علاج کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مستقبل میں ’’مالیکیولر لیبا رٹر ی ‘‘ قائم کی جائے گی ۔بون میرو ٹرانسپلانٹ کے ماہر میجر جنرل (ر) پرویز احمدنے کہا کہ تھیلا سیمیا سمیت خون سے متعلق دیگر تمام بیماریوں کا علاج ممکن ہو چکا ، اس لئے ہمیں بروقت تشخیص اور علاج پر توجہ دینا چاہئے۔ 

مزیدخبریں