عمران نے کسی کو پارٹی میں لانے  کی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لیے کی: چوہدری نثار 

Feb 25, 2023


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے عمران نے کسی کو پارٹی میں شامل کرنیکی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لیے کی۔راولپنڈی کے علاقے چاکرہ میں چوہدری نثار کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا ہم نعرے بہت لگاتے ہیں مگر عمل نہیں کرتے، ملک انتہائی نازک موڑ پر ہے اور ہم ایک دوسرے کے گریبان پکڑ رہے ہیں، سیاست میں گالم گلوچ عام ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا آج ہم کھائی کے بالکل کنارے پر پہنچ گئے ہیں، میں سچ کا علم بلند کرتا رہوں گا، میں عوام کی اور پاکستان کی نمائندگی کرتا رہوں گا، لوگ پوچھتے ہیں کہ کسی پارٹی میں شامل کیوں نہیں ہوتے؟ میں کہتا ہوں کہ میں اس گالم گلوچ کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میرا 50 سال سے دوست ہے، عمران خان آج بھی دوست ہے، عمران نے کسی کو پارٹی میں شامل کرنیکی اتنی کوشش نہیں کی جتنی میرے لیے کی۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا میں میدان میں آچکا ہوں، عزت عہدوں سے نہیں آتی، مجھے غریب اور مزدور کی مدد درکار ہے، الیکشن آج ہوں کل ہوں 2 سال بعد یا 10 سال بعد، میں میدان میں ہوں، بطور ایم این اے ہی خدمت نہیں کی بلکہ بطور کونسلر بھی عوام کی خدمت کی، میرے مقابلے میں وہ لوگ ہیں جنہوں نے ککھ نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا مجھے عمران خان کہتا کہ یار تم نہیں آتے تو میرا ان لوگوں سے گزارا ہے، جو لوگ عمران خان کا جھنڈا لیکر پھرتے ہیں یہ بے نظیر کا نعرہ لگاتے تھے، بعد میں یہ مشرف کے ساتھ ہوگئے اور اب عمران کے ساتھ ہیں، انہیں پیٹرولیم کی وزارت کا شوق تھا، انہیں وہاں سے نکال دیا گیا، میں نے بڑے بڑے عہدوں کا انکار کیا ہے۔چوہدری نثار کا کہنا تھا 2018ء کے انتخابات میں کیا ہوا اس کی وجہ کچھ اور تھی، پھر کبھی بتاؤں گا، چاہتا ہوں میں الیکشن کے بعد کسی جماعت میں عزت کے ساتھ جاؤں، وزیر تو میں جنرل ضیاء ، جونیجو اور غلام اسحاق خان کا بھی تھا، عمران نے مجھ سے دوستی نبھائی ہے اور آج بھی نبھا رہا ہے۔

مزیدخبریں