نئی دلی(این این آئی)برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے ڈائریکٹر جنرل ٹِم ڈیوی نے بی بی سی انڈیا کے عملے سے کہا ہے کہ وہ بلا خوف اپنی پیشہ ورانہ صحافتی ذمہ داریاں جاری رکھیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹم ڈیوی نے نئی دلی اور ممبئی میںبی بی سی کے دفاتر پر محکمہ انکم ٹیکس کے اہلکاروں کے حالیہ چھاپے کے تناظر میں ایک ای میل میں بی بی سی کے عملے کی ہمت اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی چیز غیر جانبدارانہ صحافت سے زیادہ اہم نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ بی بی سی اپنے سٹاف کی بھرپور مدد کرے گا کہ وہ محفوظ اور موثر طریقے سے اپنا کام جاری رکھیں۔انھوں نے مزید کہاکہ 'کسی خوف اور لالچ کے بغیر رپورٹنگ کرنے کی ہماری صلاحیت سے زیادہ کوئی چیز اہم نہیں ہے۔ یہ ہماری پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے کہ ہم دنیا بھر میں موجود اپنے ناظرین اور سامعین تک غیر جانبدارانہ اور آزادانہ صحافت کے ذریعے خبریں پہنچائیں اور بہترین تخلیقی مواد تیار کریں۔ ہم اپنے اس کام سے بالکل پیچھے نہیں ہٹیں گے۔انھوں نے کہاکہ وہ یہ واضع کرنا چاہتے ہیں کہ بی بی سی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے، ہم بامقصد کام کرتے ہیں اور عوام کے لیے ہمارا پہلا مقصد ہے کہ انھیں غیر جانبدار خبریں اور معلومات پہنچائیں تا اپنے ارد گرد موجود دنیا کو سمجھنے اور اس سے منسلک ہونے میں انھیں مدد ملے۔واضح رہے کہ بی بی سی کی طرف سے 2002کے گجرات کے مسلم کش فسادات میں نریندر مودی کے مرکزی کردار کے بارے میں دو حصوں پر مشتمل ڈاکومنٹری جاری کئے جانے کے بعد نئی دلی اور ممبئی میں بھارتی محکمہ انکم ٹیکس نے تین دن تک سروے کے نام پر بی بی سی انڈیا کے دفاتر پر چھاپے مارے تھے اور عملے کے ارکان کو دفاتر میں محصورکر کے ان سے انکے موبائل فون چھین لئے تھے ۔ محکمہ انکم ٹیکس کی طر ف سے بی بی سی کے دفاتر پر چھاپوں کی برطانوی اراکین پارلیمنٹ ، صحافیوں کے حقوق اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںکی طرف سے بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی تھی ۔
کوئی چیز غیر جانبدارانہ صحافت سے زیادہ اہم نہیں:ڈائریکٹر جنرل بی بی سی
`
Feb 25, 2023