لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کے میچز لاہور میں دیکھنے والوں نے اگر سٹیڈیم میں کچرا پھینکا تو انہیں جرمانہ دینا پڑے گا۔سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی بابرصاحب دین کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل میچز کیلئے قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچز کے حوالے سے پلان تیار کیا گیا۔ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق قذافی سٹیڈیم کو زیرو ویسٹ زون ڈکلیئر کردیا گیا ہے جس کے تحت سٹیڈیم میں گندگی پھیلانے والے تماشائی کو 100 روپے جرمانہ ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم کے 12 انکلوژرز کی صفائی کا کام مکمل کرلیا گیا ، 125سے زائد ملازمین سٹیڈیم کے اندر اور 70 باہر تعینات ہیں۔ تماشائیوں کی پارکنگ اور ملحقہ راستوں پر 110ورکرز تعینات ہیں۔