لاہور(نمائندہ خصوصی)اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف اقبال ٹاؤن نے کار چوروں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے کار چور گروہ کے 3ملزمان عمر فاروق عرف عمری، یونس اور نصیب اللہ کو گرفتارکر کے ان سے 2کروڑ33 لاکھ روپے مالیت کی11 کاریں برآمدکر لی ہیں۔ملزمان گھروں اور پارکنگ سٹینڈز کے باہر کھڑی گاڑیوں کو نشانہ بناتے تھے۔ ڈی ایس پی اقبال ٹاؤن ملک اعجاز علی نے کہا کہ پہلے گاڑی کا ٹریکر جام کرتے پھر سوئچ توڑ کر گاڑی سٹارٹ کر کے چراتے تھے اور چوری کی گئی گاڑی کو بٹ خیلا، مالاکنڈ اور ضلع مردان میں نان کسٹم گاڑی بنا کر فروخت کرتے تھے۔ ایس پی اے وی ایل ایس رانا زاہد حسین نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سہیل اختر سکھیرا نے اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔