پی ایس ایل کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں : آئی جی 


لاہور(نمائندہ خصوصی) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور میں پی ایس ایل میچز کے دوران تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت تمام ٹیموں، میچ آفیشلز اور شائقین کے تحفظ اور سہولت کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ سکیورٹی انتظامات کے دوران سیف سٹی کیمروں سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور کسی سڑک کو غیر ضروری طور پر ہرگز بند نہ کیا جائے۔ سینئر افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں اور پرامن ماحول میں میچز کے انعقاد کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ آئی جی پنجاب نے ملتان میںپی ایس ایل میچز کے پر امن انعقاد اور مہمانوں کی فول پروف سکیورٹی پر ملتان پولیس کو شاباش سے بھی نوازا۔ آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، آرپی او، سی پی اوملتان، ڈی پی اوز سمیت پولیس افسران و جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملتان پولیس نے پی ایس ایل کے دوران جس جذبے سے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے وہ پولیس فورس کیلئے قابل تقلید ہے۔ پولیس نے ملتان میں امن وامان برقرار رکھنے کیساتھ ساتھ شائقین کی سکیورٹی اور سہولت کا بہت خیال رکھا۔ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی اور ترویج میں پنجاب پولیس کی خدمات بجا طور پر لائق تحسین ہیں اور ملتان میں پی ایس ایل سکیورٹی، ٹریفک سمیت دیگر ڈیوٹیاں سر انجام دینے والے تمام افسران واہلکاروں کا مشکورہوں۔ پنجاب پولیس لاہور میں بھی پی ایس ایل میچز کے پر امن انعقاد کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گی۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...