لاہور( این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ہفتے گوادر میں بجلی کے مسائل کو ختم کرنے کیلئے 100 میگاواٹ کے ایران،گوادر پاور ٹرانسمیشن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ اس منصوبے کے تحت گوادر کو ایران سے 100میگا واٹ بجلی میسر آئے گی ۔اس سلسلہ میں نیشنل ڈسپیچ کمپنی ،کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ،گوادر پورٹ اتھارٹی ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، چائنہ اوورسی پورٹ ہولڈنگ کمپنیسمیت دیگر متعلقہ اداروںنے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ 100 میگاواٹ پاور پراجیکٹ کی فائنل ٹیسٹنگ کامیابی سے کر لی گئی ہے۔ وزیر اعظم کی طرف سے منصوبے کی نقاب کشائی کے بعد گوادر کو بجلی کی سپلائی کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔ ایران کا پاور ڈویژن کا اعلی سطحی وفد پاکستان کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدے پر دستخط کرنے کیلئے پہلے ہی گوادر پہنچ چکا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف گوادر میں اپنے دورے کے دوران گوادر پورٹ پر کراس سٹفنگ کی پہلی سہولت کے منصوبے، گوادر پورٹ پر ڈریجنگ کے آغاز اور گوادر کے مستحق ماہی گیروں میں بوٹ انجنوں کے چیکس کی تقسیم کا بھی افتتاح کریں گے۔100میگا واٹ بجلی کی درآمد کے منصوبے میں 29 کلو میٹر طویل ڈبل سرکٹ 132 KV ٹرانسمیشن لائن گبد ریمدان (پاک ایران سرحد)کے قریب پاکستانی شہر کلاتو سے جیوانی گرڈ اسٹیشن تک بچھائی گئی ہے۔ جیوانی گرڈ سٹیشن سے گوادر گرڈ اسٹیشن تک 75 کلو میٹر طویل ڈبل ٹرانسمیشن لائن پہلے ہی بچھائی جا چکی ہے۔