فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر چوہدری شفیق انجم نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل ویلیو ایڈڈ انڈسٹری تیزی سے بند ہو رہی ہے۔ ملک کے صنعتکار و ایکسپورٹرز پریشان ہیں اور چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم شہباز شریف یا وزیر خزانہ اسحق ڈار ملک کیلئے قیمتی زر مبادلہ کمانے والے صنعتکار وں اور ایکسپورٹروں (سٹیک ہولڈروں )کو اعتماد میں لیںاور ان کے جائز مطا لبات کے حل کیلئے ان سے فور ی مذاکرات کریں۔ بصورت دیگر ملک کی رہی سہی ٹیکسٹائل ویلیو ایڈڈ انڈسٹری بھی بند ہو جائیگی۔ انہوں نے وفاقی وزارت کامرس پر شدید تنقیدویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹرکے گھمبیر مسائل پر آنکھ کان بندرکھنے پرمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزارت کامرس اپنا وجود کھو چکی ہے۔ اتنی اہم وزارت کا ملک کی ٹریڈ ایسوسی ایشنوں کے ساتھ کسی قسم کاکوئی رابط ہے ناہی ہمیں پتہ ہے کہ وزیر کامرس کون ہے ،کس حالت میں ہے اور انکی کیا ذمہ داری ہے۔ ان حالات میں جبکہ پورے ملک کی ٹیکسٹائل ویلیو ایڈڈ انڈسٹری تیزی سے بند ہو رہی ہے اوروفاقی وزیر کامرس اس سے بے خبر ہیں یا انہیں اسکی پرواہ نہیںتو ایسے غیر ذمہ دار شخص کا وزارت سے چمٹے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں۔ صنعتکار وں اور ایکسپورٹروںنے وزیر اعظم میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر کامرس کو فوری طور ر پر وزارت سے فارغ کیا جائے۔