لاہور( کامرس رپورٹر)یونیورسٹی آف لاہور سکول آف اکاﺅنٹنسی اینڈ فنانس اور چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اینڈ اکاﺅنٹنسی انگلینڈ نے گزشتہ روز نجی ہوٹل لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان میں چارٹرڈ پبلک فنانس اکاﺅنٹنٹ کی پروفیشنل کوالیفیکیشن کو متعارف کروایا۔ اس تقریب میں معزز مہمانوں نے شرکت کی جن میں CIPFA کی کوالیفیکیشن اور ممبر شپ کی سربراہ مسز اینا ہاورڈ، انٹر نیشنل ڈویثرن کے ڈائریکٹر خالد حمید، چیئرمین بورڈ آف گورنرز، یونیورسٹی آف لاہور اویس رﺅف ، ریکٹر یونیورسٹی آف لاہور ڈاکٹر محمد اشرف ، ڈین سکول آف اکاﺅنٹنسی اینڈ فنانس محمد مقبول، معروف یونیورسٹیوں کے معزز وائس چانسلرز، پبلک سیکٹر اور کاﺅنٹنگ پروفیشنل کمیونٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔CIPFA کے عہدیداروں نے کہا کہ پاکستان میں CIPFA کا آغاز ایک تاریخی لمحہ ہے جو ملک کے پیشہ ورانہ مالیاتی اور معاشی نظام کو فروغ دے گا اور پبلک سیکٹر کو مضبوط کرے گا۔ محمد مقبول کا خیال تھا کہ یہ اہلیت پیشہ ور افراد کو عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیشن حاصل کرنے اور پبلک سیکٹر میں اپنے کیرئیر کو آگے بڑھانے کے مواقع فراہم کرے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بورڈآف گورنرز ، یونیورسٹی آف لاہور اویس رﺅف نے پروگرام کے آغاز پر اپنے جوش و خروش کا اظہار کیا کہ یہ پروگرام پاکستان کی اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہو گا۔