اسلام میں نماز کو بہترین عبادت ، غفلت کرنیوالوں کیلئے سخت وعیدسنائی :راغب نعیمی

Feb 25, 2023


لاہور(خصوصی نامہ نگار)دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے گزشتہ روز کہاہے کہ اسلام میں نماز کو بہترین عبادت قرار دیا گیاہے۔نماز کی ادائیگی میں غفلت کرنیوالوں کیلئے سخت وعیدسنائی گئی ہے۔فخر دو عالم حضرت محمدؐ  کو شب معراج اللہ تعالیٰ نے 3 تحفے عطا فرمائے۔ پہلا سورہ بقرہ کی آخری 3 آیتیں۔ جن میں اسلامی عقائد ایمان کی تکمیل اور مصیبتوں کے ختم ہونے کی خوشخبری دی گئی ہے۔ دوسر اتحفہ یہ دیا گیا کہ امت محمدیہ میں جو شرک نہ کرے گا وہ ضرور بخشا جائے گا۔ تیسرا تحفہ یہ کہ امت پر نمازیں فرض ہوئیں۔  معراج کا تمام سفر صرف روحانی نہیں بلکہ جسمانی تھا، یعنی نبی اکر م کا یہ سفر کوئی خواب نہیں تھا بلکہ ایک جسمانی سفر اور عینی مشاہدہ تھا۔ یہ ایک معجزہ تھا کہ مختلف مراحل سے گزرکر اتنا بڑا سفر اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے صرف رات کے ایک حصہ میں مکمل کردیا۔ معراج کا واقعہ پوری انسانی تاریخ کا ایک ایسا عظیم، مبارک اور بے نظیر معجزہ ہے جس کی مثال تاریخ پیش کرنے سے قاصر ہے۔ خالق کائنات نے اپنے محبوب ؐ کو دعوت دے کر اپنا مہمان بنانے کا وہ شرف عظیم عطا فرمایا جو نہ کسی انسان کو کبھی حاصل ہوا ہے اور نہ کسی مقرب ترین فرشتے کو۔ بحیثیت مسلمان ہمیں زکوۃ،نماز کی ادائیگی وقت پرکرنی چاہیے۔

مزیدخبریں