’’اپنے الو کتنے ٹیڑھے‘‘ سے شہرت پانے والے بلوچ لوک گلوکار واسو خان کا انتقال

Feb 25, 2023


کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) لگ بھگ ایک دہائی قبل معروف گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے کے ساتھ ’اپنے اْلو کتنے ٹیڑھے، اب تک ہوئے نہ سیدھے‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والے بلوچ لوک فنکار واسو خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے معروف لوک گلوکار واسو خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی لوک داستانوں میں حب الوطنی اور بہادری کا درس دیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحوم داسو خان نے اپنی لوک داستانوں میں حب الوطنی اور بہادری کا درس دیا اور ان کی وجہ شہرت منفرد انداز میں ہمارے اسلاف کی حقیقی تعلیمات سے نوجوان نسل کو روشناس کرانا تھا۔ وزیراعلیٰ نے اہل خان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ گلوکار شہزاد رائے نے 24 فروری کو اپنی مختصر ٹویٹ میں واسو خان کے انتقال کی تصدیق کی۔ گلوکار نے بلوچ فنکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اگرچہ پڑھنے اور لکھنے سے قاصر ہوتے تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے شاندار سیاسی طنزیہ مواد تحریر کیا۔ شہزاد رائے نے واسو خان کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ مداح انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ واسو خان ذیابیطس سمیت سانس کی بیماریوں کا شکار تھے۔ واسو خان گزشتہ دو سال سے بلوچستان اور سندھ کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج رہے اور زندگی کے آخری ایام میں بھی وہ صوبہ سکھر کے ہسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں گزشتہ روز وہ انتقال کر گئے۔

مزیدخبریں