اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کی ایشیا اور پیسیفک ریجن کی ریجنل ڈائریکٹر اتسوکو اوکودا نے آج اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔اس موقع پر ممبر (فنانس) پی ٹی اے،محمد نوید نے آئی ٹی یو کی ریجنل ڈائریکٹر کو ٹیلی کام کے شعبے میں پی ٹی اے کی جانب سے کی گئی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا اور ادارے کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ فریقین کی جانب سے استعداد کار میں اضافے، تکنیکی معاونت اور معلومات کے تبادلے میں تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اتسوکو اوکودانے پاکستان میں ٹیلی کام/آئی سی ٹی کی ترقی میں پی ٹی اے کی فعال شراکت کا اعتراف کرتے ہوئے پاکستان کے ڈیجیٹل تبدیلی کے سفر میں اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔