پاکستان کیساتھ اقتصادی تعلقات کی مضوطی کیلئے پر عزم : امریکہ 

Feb 25, 2023


واشنگٹن+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے وزارتی اجلاس جاری ہے۔ ہم پاک امریکہ تعلقات کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں۔ پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک‘ امریکہ مضبوط تجارتی و اقتصادی تعلقات وقت کی ضرورت ہیں۔ دودہائیوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ممالک میں امریکہ سرفہرست ہے۔ نیڈ پرائس نے کہا کہ پاکستان میں 80 امریکی کمپنیوں میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد پاکستانی ملازم ہیں۔ امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں تجارتی مواقع بارے آگاہ کیا جاتا ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مثالی بنانے کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ایک سال میں ہماری سرمایہ کاری میں تقریباً پچاس فیصد اضافہ ہوا۔ پاکستان کے ساتھ توانائی‘ زرعی آلات سمیت دیگر شعبوں میں تجارت کے فروغ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں۔ طالبان یقینی بنائیں کہ داعش‘ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر خطے کا امن خراب نہ کریں۔ دریں اثنا پاکستان امریکہ کے مابین تجارتی  فریم ورک کے تحت 9واں اجلاس ختم‘ دونوں ممالک  کے محنت کشوں کی خوشحالی کے موضوعات پر گفتگو بھی ہوئی ۔

مزیدخبریں