راولپنڈی: خونی بسنت‘ فائرنگ‘ بچی سمیت 3 جاں بحق، وزیراعلیٰ کی برہمی

Feb 25, 2023


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) راولپنڈی میں بسنت کے دوران فائرنگ کے واقعہ میں بچی  سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ہوائی فائرنگ اور پتنگ کی ڈور اور چھت پر سے گرنے کے نتیجے میں بچوں سمیت 50 افراد زخمی ہوگئے۔ انتظامیہ کے بسنت پر پابندی اور پولیس کے اقدامات کے دعوؤں کی  قلعی کھل گئی۔ عوام نے کھل کر قانونی احکامات کی دھجیاں اڑائیں۔ راولپنڈی کے تھانہ ایئرپورٹ کے علاقے میں پتنگ بازوں کی فائرنگ سے بیس سالہ نوجوان سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوا، جس کی شناخت 20 سالہ ارحم فضل کے نام سے ہوئی۔ 14 سالہ کمیل پتنگ اڑاتے کرنٹ لگنے سے جاںبحق ہوا۔ 7 سالہ ہانیہ سر میں گولی لگنے سے دم توڑ گئی۔ پتنگ بازوں کی فائرنگ سے ایس پی پوٹھوہار ڈویژن کے آپریٹر عامر گولی لگنے سے معمولی زخمی ہوئے، گولی اْن کے بازو کو چھو کر گزی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ راولپنڈی ڈھوک منگٹال میں دس سالہ عبدالوہاب جبکہ لیاقت باغ میں چھ سالہ مطیع اللہ گولی لگنے سے زخمی ہوا۔ علاوہ ازیں مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کرنے والے اور متعدد پتنگ فروشوں کو گرفتار کیا۔ پولیس اور انتظامیہ کی موجودگی سے بے فکر نوجوانوں نے دن بھر مری روڈ کے اطراف بھرپور پتنگیں اڑائی اور ہوائی فائرنگ کی۔ پتنگوں کے سائے میں پولیس کھڑی پی ٹی آئی ورکرز کو خود سے گرفتاریاں دیتے دیکھتی رہی اور ہوائی فارئنگ کی آوازوں پر کان نہ دھرنے کے مشن پر ڈٹی رہی۔ 9 افراد زخمی ہوئے جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ چھتوں سے گرنے کے بھی متعدد واقعات پیش آئے۔ دن بھر 50 سے زائد شہری زخمی ہوئے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے راولپنڈی میں پابندی کے باوجود پتنگ بازی اور فائرنگ کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فائرنگ سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے راولپنڈی پولیس کی بسنت پر ناقص کارکردگی پر ایکشن لیتے ہوئے 5 افسروں کو معطل کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق معطل افسروں میں دو ڈی ایس پی اور تین ایس ایچ اوز شامل ہیں۔بسنت میں ہوائی فائرنگ سے وارث خان کے علاقے میں کمسن بچی وانیا، رتہ امرال کے علاقے القمر فلور مل کے قریب نوجوان ارحم افضل جبکہ موہن پورہ میں بسنت کے دوران کرنٹ لگنے سے سید کمیل عباس جاں بحق اور 80 افراد شدید زخمی ہو گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہولی فیملی ہسپتال ، بینظیر بھٹو ہسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کو لانے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا ۔

مزیدخبریں