رحیم یار خان(نوائے وقت رپورٹ ) موٹر وے ایم فائیو پر مسافر گاڑیوں میں تصادم سے14 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حادثہ ٹھل خیر محمد تھانہ رکن پور کی حدود میں پیش آیا جب ٹائر پھٹنے سے مسافر وین الٹ گئی جس کے زخمی مسافروں کو نکلنے کی کوشش جاری تھی کہ پیچھے سے آنی والی مسافر بس متاثرہ مسافروں پر چڑھ گئی۔ موٹر وے پولیس نے بتایا مسافر بسیں فیصل آباد سے سیون شریف جا رہی تھیں ۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رحیم یار خان کے علاقے رکن پور کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیدیا۔