جب بھی الیکشن ہو گا ہم تیار، پی ایس ایل کے وقت احتجاج زیادتی ہے : محسن نقوی 

Feb 25, 2023


 لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سی بی ڈی مین بلیوارڈ کلمہ چوک سے سنٹر پوائنٹ تک انڈرپاس ری ماڈلنگ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر سی بی ڈی مین بلیوارڈ کلمہ چوک سے سنٹر پوائنٹ تک انڈر پاس ری ماڈلنگ پراجیکٹ کو اڑھائی ماہ کی قلیل مدت میں ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے منصوبے کا معائنہ کیا اور کارپٹنگ ودیگر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پی ایس ایل اور شہریو ں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر پراجیکٹ کو فروری تک مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔ محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل اور شہریوں کو آمد و رفت میں آسانی کیلئے پراجیکٹ کو وقت سے پہلے ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔ منصوبے پر کام کرنے و الے متعلقہ افسروں اور عملہ کی محنت اور کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ پی ایس ایل 8سے پہلے پراجیکٹ کی دونوں لینز اب ٹریفک کیلئے اوپن ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ جب بھی الیکشن ہوگا، ہم تیار ہیں۔ الیکشن ہمارا پہلا کام ہے، ہم اس کیلئے 100فیصد تیار ہیں اور ہم آئے ہی اسی لئے ہیں۔ ہر صورت پی ایس ایل کی سکیورٹی اور امن عامہ کو یقینی بنانا ہے۔ جس وقت احتجاج ہورہا تھا، انہیں پی ایس ایل ٹیم آنے کی وجہ سے احتجاج نہ کرنے کی درخواست کی گئی۔ خدانخواستہ اگر کوئی واقعہ ہوجاتا تو کون ذمہ دار ہوتا۔ احتجاج کا وہی دن، وہی وقت اور وہی سب کچھ تھا یہ زیادتی ہے، یہ نہ کریں۔ اپنی سیاست کریں، احتجاج کریں، انہیں احتجاج کا پورا حق حاصل ہے۔ سی بی ڈی مین بلیوارڈ کلمہ چوک سے سنٹر پوائنٹ تک انڈرپاس ری ماڈلنگ پراجیکٹ پر دن رات کام کر کے ٹریفک کیلئے کھو ل دیا ہے۔ پی ایس ایل کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں