سانگھڑ (نامہ نگار)سانگھڑ میں آٹا چکی مالکان کی جانب سے گندم کا سرکاری کوٹہ نہ ملنے کے خلاف پریس کلب سانگھڑ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس موقع پر چکی ایسوسی ایشن کے صدر دھنی بخش مری، ملک یعقوب ، راشد ملک، محمد عظیم، وسیم سیدو ودیگر کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ محکمہ فوڈ کی جانب سے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے سرکاری نوٹیفکیشن ہونے کے باوجود ہمیں گندم کا کوٹہ نہیں دیا جارہا اور ساری گندم فلور ملز مالکان کو دی جارہی ہے جس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ سانگھڑ میں آٹے کا بحران پیدا ہوگیا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ فوڈ آفیسر آٹا چکی مالکان سے فی بوری کی مد میں 1500روپے رشوت طلب کررہا ہے رشوت نہ دینے پر گندم کوٹہ دینے سے انکار کررہا ہے آٹا چکی کی وجہ سے شہر بھر میں آٹے کی سپلائی کی جارہی ہے اور سستا آٹا فراہم کیا جارہا ہے انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ودیگر اعلی احکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کرپٹ محکہ فوڈ آفیسر کے خلاف کارروائی کی جائے اور ہمیں سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق گندم کا کوٹہ فراہم کیا جائے تاکہ شہریوں کو سستا آٹا فراہم ہو سکے۔