کراچی (کامرس رپورٹر ) کورنگی کو مثالی زون بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کاٹی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہیں، بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ یہ بات ضلع کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر کورنگی محمد شریف نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے ظہرانے سے خطاب کے دوران کہی۔اس موقع پر کاٹی کے صدر فراز الرحمان، نائب سرپرست اعلیٰ زبیر چھایا، سینئر نائب صدر نگہت اعوان،سابق صدور مسعود نقی، جوہر قندھاری، گلزار فیروزاور دیگر بھی موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کورنگی محمد شریف نے صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کاٹی نے صنعتی مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے لیے بھی اپنا کردار ادا کیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر نے صدر کاٹی فراز الرحمان سے مسائل پر گفتکو کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کے تحت کورنگی صنعتی علاقے کے انفرااسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کے ساتھ زون کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے پر عزم ہیں، اس سے پہلے بھی کراچی کی ترقی میں صنعتی اداروں نے سرکاری انتظامیہ کے ساتھ مل کر بھرپورطریقے سے اپنا کردار ادا کیا ہے، جو ایک خوش آئند عمل ہے۔
انہوں نے کاٹی کے ممبران کی جانب سے شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے دی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔اس سے قبل کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے ایڈمنسٹریٹر کورنگی محمد شریف کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں کورنگی صنعتی علاقے کا تفصیلی تعارف اور مسائل سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریلائزیشن اس ملک کی اہم ضرورت ہے، صنعتی فروغ کے بغیر نہ ہی معیشت مضبوط ہو سکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔فراز الرحمان نے کہاکہ کورنگی صنعتی علاقے کے ترقیاتی کاموں اور انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے کام جاری رکھیں گے۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کورنگی اور کاٹی کے درمیان بہترین کوآرڈیشن سے کورنگی صنعتی علاقے کو بہترین انڈسٹریل ذون بنائیں گے۔نائب سرپرست اعلیٰ کاٹی زبیر چھایا نے کہا کہ کورنگی میں تعینات سابقہ ڈپٹی کمشنروایڈمنسٹریٹر صاحبان کا کورنگی صنعتی علاقے کی بہتری اور شہر کا مثالی ڈسٹرکٹ بنانے میں مکمل تعاون حاصل رہا ہے اور امید ہے کہ موجودہ ایڈمنسٹریٹر بھی باہمی تعاون سے کورنگی صنعتی علاقے کی بہتری کے لئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔