کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماہر اقتصادیات اورپاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر اسد زمان نے کہا ہے کہ اسلامی معیشت دراصل مخلوق کی خدمت کرناہے،اپنی خواہشات اور دولت کی حوس نہیں ہونی چاہیے۔وہ محمد علی جناح یونیورسٹی میں ’’اسلامی معاشیات کیلئے ایک نیا نقطہ نظر‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا اسلامک بینکاری میں بہت گنجائش ہے اصلاحات ہوسکتی ہیں۔اسلامک بینکنگ کینئے وڑ ن کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی تھیں۔ہمیں ماڈل اکنامکس کے بجائے اسلامک اکنامکس پڑھانی چاہیے جو زیادہ فائدہ مند ہے۔اسلامی طریقہ معیشت سیکھنے اورسمجھنے کی ضرورت ہے،انہوں نے کہا کہ علم ہمیں زندگی گزارنے کا سلیقہ سکھاتاہے،کاروبار اچھی نیت اور اخلاق سے کیاجائے تو معاشرے پر مثبت اثرات ہوتے ہیں۔آج طلباء کو معلومات تو بہت ہے لیکن اسلامی طرز زندگی اور اسلامی معیشت کے اصولوں سے ناواقف ہیں،کم از کم اتنی معلومات تو ہو کہ اپنی ضرورت زندگی اور معاملات کو بہترکرسکیں۔محمد علی جناح یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر احمد شیخ نے کہا کہ اسلام نے معاشی نقطہ نظر کو بہت واضح طریقے سے بیا ن کیا ہے۔ہمیں اسلامی معیشت میں جدید ٹیکنالوجی کو اپناناچاہئیے۔بلاک چین میں کاروبارکے حوالے سے بہت وسعت ہے، دستاویز کی منتقلی آسانی سے ہوجاتی ہے اسے محفوظ بھی سمجھا جاتا ہے۔ اسلامی پہرائے میں دیکھیں تو مثبت نتائج آسکتے ہیں۔ کرپٹو کرنسی مستقبل بھی ہوسکتی ہے ہم اپنی اسلامک کرنسی بھی اس طریقے سے بنا سکتے ہیں۔اس طرف بھی سوچاجاسکتاہے۔اس موقع پر فیکلٹی ممبران ،شعبہ سربراہان ،اساتذہ اور طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔
اسلامک بنکاری میں اصلاحات کی جائیں،ڈاکٹراسدزمان
Feb 25, 2023