شعبان المعظم

Feb 25, 2024

خواجہ نورالزماں اویسی

ماہ شعبان المعظم بہت زیادہ فضیلت والا مہینہ ہے ۔ شعبان المعظم کی فضیلت بیان کرتے ہوئے حضور نبی کریمﷺنے ارشاد فرمایا شعبان میرا مہینہ ہے ۔ اس مبار ک مہینے میں جو ایک نیکی کرتا ہے اللہ تعالی اسے سات سو گنا زیادہ ثواب عطا فرماتا ہے ۔ حضور نبی کریمﷺ نے خوشنودی حاصل کرنے کے لیے امتی کو چاہیے کہ وہ اس ماہ مبارک میںکثرت سے عبادت کرے اور روزے رکھے اور گناہوں سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کرے ۔ 
ام المومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہ فرماتی ہیں حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے شعبان کفارہ کرنے والا ہے اور رمضان پاک کرنے والا ہے ۔ 
حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ تعالی عنہ سے مروی ہے کہ میں نے نبی کریمﷺ کی بارگاہ اقدس میں عرض کی : یا رسول اللہﷺ، میں آپ کو جس قدر روزے شعبان کے مہینہ میں رکھتے دیکھتا ہو ں اس قدر تو ہم رمضان المبارک کے علاوہ کسی مہینہ میں نہیں رکھتے ۔ نبی مکرمﷺ نے ارشاد فرمایا: یہ رجب اور رمضان کے درمیان کا مہینہ ہے لوگ اس میں غفلت کرتے ہیں ۔ اس میں لوگوں کے اعمال اللہ تعالی کی بارگاہ میں پیش کیے جاتے ہیں اس لیے میں اس بات کو پسند کرتا ہوں کہ جب میرے اعمال پیش کیے جائیں تو میں روزہ کی حالت میں ہو ں ۔ 
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں، نبی کریمﷺ کی بارگاہ ناز میں عرض کی گئی سب سے افضل روزے کون سے ہیں تو آپﷺ نے فرمایا، شعبان کے روزے رمضان المبارک کی تعظیم کے لیے ۔
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ فرماتے ہیں نبی کریمﷺ نے فرمایا، ماہ رمضان کے لیے تم اپنے بدنوں کو شعبان کے روزوں سے پاک کر لیا کرو کیونکہ جو شعبان کے تین روزے رکھتا ہے اور پھر افطاری سے پہلے مجھ پر کثرت سے درود شریف پڑھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے سابقہ گناہ بخش دیتا ہے اور اس کی روزی میں برکت فرماتا ہے ۔ اورمجھے جبرائیل علیہ السلام نے خبر دی ہے کہ اللہ تعالیٰ اس ماہ مقدس میں رحمت کے تین سو دروازے کھول دیتا ہے۔
حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جو شعبان میں ایک روزہ رکھتا ہے اللہ تعالیٰ اس کو حضرت ایوب اور حضرت دائود علیہم السلام کا سا ثواب عطا فرماتا ہے اور اگر اس نے پورا مہینہ روزے رکھے تو اللہ تعالی موت کی سختیوں کوآسان فرما دے گا اور قبر کی تاریکی ، منکر نکیر کی دہشت اس سے دور رکھے گا اور قیامت کے دن اس کے عیبوں پر بھی پردہ ڈالے گا ۔

مزیدخبریں