اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی کے نئے منتخب ممبران میں تعلیم یافتہ ارکان کی اکثریت ہے۔ 2024ء کے عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والوں میں گریجویٹ اور ماسٹرز سرفہرست ہیں۔ منتخب 265 میں سے 42 فیصد یعنی 112 نومنتخب ارکان کی تعلیمی قابلیت گریجویشن ہے۔ 63 کے ساتھ ماسٹرز ڈگری ہولڈرز دوسرے نمبر پر ہیں۔ 42 ایل ایل بی ہیں اور 3 کے پاس ایل ایل ایم کی ڈگری ہے۔ 10 ایم بی بی ایس ڈاکٹر بھی ہیں، 3 ارکان انجینئرنگ، چار پی ایچ ڈی اور دو ایم فل کی ڈگری بھی رکھتے ہیں۔ ایوان میں منتخب انٹر میڈیٹ تعلیم یافتہ ارکان کی تعداد 12 جب کہ میٹرک تک تعلیم یافتہ 9 ارکان ہیں۔ نئی قومی اسمبلی میں زمینداروں کی اکثریت ہے۔ نومنتخب 265 ارکان میں سے 112 کا تعلق زمینداری کے شعبے سے، 83 کامیاب امیدواروں کا ذریعہ آمدن کاروبار جبکہ 20 نے صرف سیاست کرنے کا بتایا۔ 4 علمائے کرام اور عالم، تین گدی نشین جبکہ تین کا تعلق درس و تدریس کے شعبے سے نظر آیا۔ 13 نومنتخب ممبران دیگر شعبوں سے منسلک ہیں۔
قومی اسمبلی میں 112 گریجوایٹ، 63 ماسٹرز، 112 زمیندار
Feb 25, 2024