اسلام آباد+لاہور (خصوصی رپورٹر+خبر نگار +نمائندہ نوائے وقت ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر اور توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی دونوں اپیلوں پر خصوصی بنچ تشکیل دے دیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار ہائیکورٹ نے کل پیر کو عمران خان کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کی دیں۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل خصوصی بنچ سماعت کرے گا۔ سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی اپیلیں بھی پیر کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔ جبکہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔ عمران خان، شاہ محمود اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر خصوصی بنچ سماعت کرے گا جب کہ سماعت میں سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی درخواستیں بھی ساتھ ہی سنی جائیں گی۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق ہائیکورٹ میں توہین الیکشن کمشن کیس میں بانی پی ٹی آئی کے جیل ٹرائل کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر لی گئیں۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ درخواستوں پر 26فروری (پیر) کو سماعت کرے گا۔ دریں اثناء انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر عدالتی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ جناح ہائوس، عسکری ٹاور، مسلم لیگ(ن) ہائوس جلانے سمیت 7دیگر مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید کے روبرو ہونے والی سماعت میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری مکمل نہیں ہو سکی۔ عدالتی حکم کے مطابق واٹس ایپ پر بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہیں لگی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ اگر سپرنٹنڈنٹ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی تو ملزم کی عبوری ضمانت پر فیصلہ تاخیر کا شکار ہو جائے گا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی حاضری کے بغیر عدالتی کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی 7مقدمات میں عبوری ضمانت میں یکم مارچ تک توسیع کر دی۔